باجوڑ (مانند نیوز)ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ ڈویژن عرفان اللہ خان نے ضلع باجوڑ کا ایک روزہ دورہ کیا۔ یادگار شہداء پر حاضری دی، ڈی۔ار۔سی ممبران سے ملاقات کی اور پولیس آفس باجوڑ میں انسدادِ کرائم میٹنگ کی صدارت بھی کی۔ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ملاکنڈ ڈویژن نے ضلع باجوڑ کا ایک روزہ دورہ کیا۔ ہیڈکوارٹر خار پہنچنے پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ وقاص رفیق، ایس۔پی انوسٹیگیشن باجوڑ، ایس۔پی سی۔ٹی۔ڈی باجوڑ اور دیگر پولیس افسران نے پرتپاک استقبال کیا اور ضلعی پولیس کی طرف سے قبائلی روایتی پگھڑی بھی پہنائی۔ ڈی آئی جی ملاکنڈ نے سب سے پہلے پولیس لائن باجوڑ میں موجود یادگار شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی اور شہداء کی درجات بلندی کیلئے خصوصی دعا کی۔ معزز مہمان نے تاثیراتی بک میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کی۔ ڈی۔ائی۔جی ملاکنڈ نے DRC ممبران سے بھی ملاقات کی اور مسائل اور وسائل پر تفصیلی بات چیت کی۔اپنے خطاب میں ڈی۔ائی۔جی ملاکنڈ کا کہنا تھا کہ دیرپا امن کے قیام کیلئے ڈسٹرکٹ ریزولوشن کونسل (DRC) کا کردار مسلمہ ہے۔ عوام کی جان و مال کی حفاظت اور شہریوں کو انکی دہلیز پر مفت انصاف فراہم کرنے کا ایک اہم پلیٹ فارم اور پختونوں کے روایتی جرگہ نظام کا نعم البدل ہے۔ انسانی حقوق کی پاسداری اور جرائم کی منظم روک تھام پولیس اور عوام کی باہمی کوششوں سے ہی ممکن ہے جس کیلئے اعتماد کی فضاء قائم رکھنے کی ضرورت ہے۔ مختصر وقت میں 24 مختلف نوعیت کے تنازعات حل کرنا کونسل کی اہم کامیابی ہے۔ کونسل میں شامل تمام ممبران ہر لحاظ سے پاک دامن اور علاقائی امن کیلئے سنجیدہ ہے۔انہوں نے کونسل ممبران پر زور دیا کہ وہ فریقین کے درمیان مختلف اقسام کے تنازعات کو علاقائی رسم ورواج اور قانون کے مطابق پوری دیانتداری، نیک نیتی اور شفاف طریقے سے حل کرائیں۔ وہ عوام کو بلا امتیاز انصاف کی فراہمی میں اپنا بھر پور کردار ادا کریں اور بلا خوف اپنی ذمہ داریاں پوری کریں۔انہوں نے پولیس حکام کو بھی ہدایت کی کہ ڈی آر سی کی طرف سے تھانوں کو بھیجے جانیوالے سمنز/پروانہ جات کی فوری تعمیل کو یقینی بنائیں تاکہ لوگوں کو بروقت انصاف کی فراہمی میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے۔ دورے کے دوران ڈی۔ائی۔جی ملاکنڈ نے پولیس افس باجوڑ میں انسدادِ کرائم میٹنگ کی بھی صدارت کی جس میں ایس۔پی انوسٹیگیشن باجوڑ سمیت جملہ سرکلز ڈی۔ایس۔پیز نے شرکت کی۔کرائم میٹنگ میں تمام تھانہ جات کے کرائم،انسداد منشیات مہم اور مجرمان اشتہاری کے ریکارڈ کا الگ الگ جائزہ لیا گیا۔ میٹنگ میں مجموعی طور پر جرائم کی شرح اور پولیس کی کار کردگی کا جائزہ لیتے ہوئے سنگین نوعیت کے زیر تفتیشی مقدمات میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری، مقدمات میں ریکوری،مجرمان اشتہاریوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور انسداد منشیات مہم میں کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھانہ جات اور چوکیات کی سیکورٹی کو مزید بہتر بنائے جبکہ موبائل گشت،سنیپ چیکنگ اور سرچ اینڈ سٹرائیک اپریشن کو معمول بنا کر سماج دشمن عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کریں،انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت پولیس کی اولین ذمہ داری ہے جسمیں کسی قسم کوتاہی برداشت نہیں کی جائی گی۔ پولیس جوانوں کے نام پیغام میں ڈی۔ائی۔جی ملاکنڈ نے کہا کہ باجوڑ پولیس ایک بہادر فورس ہے۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ضلعی پولیس نے لازوال قربانیاں دے رکھی ہے۔ یقین دلاتا ہو کہ ضلعی پولیس بشمول شہداء کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ ضلعی پولیس اب پراپر پولیس بن چکی ہے اور جو مراعات صوبے کے دیگر پولیس کو حاصل ہے، ضلعی پولیس بھی ان مراعات سے مستفید ہو رہے ہے۔ دورے کے آخر میں ریجنل پولیس سربراہ نے گورنر کارٹیج سول کالونی خار میں کمانڈنٹ باجوڑ سکاؤٹس برگیڈئیر سعد محمود، ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی اور دیگر متعلقہ افسران کیساتھ سیکیورٹی کے حوالے سے میٹنگ کی اور ضلع ہذا کے موجودہ صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی۔