وانا (مانند نیوز) جنوبی وزیرستان لوئر کے عوام کو جدید دور میں بھی بنیادی انٹرنیٹ سہولت سے محرومی کا سامنا ہے۔ علاقے میں انٹرنیٹ سروس کی فراہمی نہایت ناقص ہے، جس کے باعث طلبہ، تاجر، اور دیگر شہری شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ تعلیمی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں کیونکہ طلبہ آن لائن لیکچرز اور مواد تک رسائی حاصل نہیں کر سکتے۔ دوسری طرف کاروباری افراد کو بھی ڈیجیٹل مارکیٹنگ اور ای-کامرس جیسے جدید مواقع سے محرومی کا سامنا ہے۔ متعلقہ حکام کی جانب سے اس مسئلے کو بارہا نظرانداز کیا گیا ہے، جس پر عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور ٹیلی کمیونیکیشن کمپنیاں اس اہم مسئلے پر فوری توجہ دیں تاکہ جنوبی وزیرستان کے عوام بھی ترقی کی دوڑ میں شامل ہو سکیں۔