وانا (مانند نیوز) گورنمنٹ ہائی سکول کڑیکوٹ میں آج سیکنڈ ٹرم امتحانات کے نتائج کی مناسبت سے ایک پروقار اور شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر طلباء و طالبات کی تعلیمی کاوشوں کو سراہا گیا، اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و اساتذہ کو انعامات سے نوازا گیا۔تقریب کی صدارت پرنسپل محمد نواز وزیر نے کی، جنہوں نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے اور یہ معاشرتی ترقی کی کنجی ہے۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو تعلیم سے آراستہ کریں تاکہ ان کا مستقبل تابناک ہو سکے۔پوزیشن ہولڈرز طلباء و طالبات کو شیلڈز اور اسناد سے نوازا گیا جبکہ تعلیمی سال 2024 میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو خصوصی انعامات دیے گئے۔ مزید برآں، اساتذہ احمد نور اور صفی الرحمن کو سکول میں تدریسی فرائض کی انجام دہی میں شاندار خدمات پر دس دس ہزار روپے نقد انعام سے نوازا گیا۔