وانا (مانند نیوز) چلغوزہ یونین جنوبی وزیرستان لوئر کے عہدیداران نے آج ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے پُرزور مطالبہ کیا کہ ضلع ٹانک اور ڈی آئی خان کے راستے پر موجود مسلح ڈاکوؤں اور چوروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ چلغوزہ کی تجارت سے وابستہ افراد کے لیے وانا تا ڈی آئی خان شاہراہ کو محفوظ بنایا جائے تاکہ تجارتی سرگرمیاں بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہ سکیں۔عہدیداران نے بتایا کہ گزشتہ روز ضلع ٹانک کی حدود میں مسلح ڈاکوؤں نے چلغوزے سے بھری گاڑی کو لوٹ کر کروڑوں روپے کا نقصان پہنچایا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے کچھ مال برآمد کر لیا ہے، لیکن مکمل بازیابی کے لیے مزید مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔انہوں نے وضاحت کی کہ جنوبی وزیرستان کے پہاڑوں سے اربوں روپے مالیت کا چلغوزہ پیدا ہوتا ہے، اور وانا تا ڈی آئی خان شاہراہ اس تجارت کے لیے نہایت اہم ہے۔ اگر ہمیں متبادل راستوں سے چلغوزہ منتقل کرنے پر مجبور کیا گیا تو ہمارا کاروبار بھاری خسارے کا شکار ہو جائے گا۔عہدیداران نے کہا کہ چلغوزہ یونین کے تمام افراد اپنی تجارت قانون کے مطابق انجام دیتے ہیں اور کسی قسم کی غیر قانونی سرگرمی میں ملوث نہیں ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر چوری شدہ چلغوزہ فوری طور پر برآمد نہ کیا گیا تو ہم ڈی پی او ٹانک کے دفتر کے سامنے غیر معینہ مدت کے لیے دھرنا دینے پر مجبور ہوں گے۔پریس کانفرنس کے موقع پر حاجی اکبر زومان وزیر، قابل وزیر، جاوید وزیر، عبد الرحمن وزیر، زاہد اللہ وزیر، حاجی وزیر خان وزیر، عمران وزیر سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔