پشاور(مانند نیوز)اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ خیبرپختونخوا نے بڑی کاروائی کرتے ہوئے ضلع صوابی میں گورنمنٹ سکول کی تعمیر میں بے ضابطگیوں پر ایگزیکٹو انجینئر اور ٹھیکیدار سے 73 لاکھ 47 ہزار روپے ریکوری کرتے ہوئے سرکاری خزانے میں جمع کر دئیے۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ خیبرپختونخوا کو ضلع صوابی میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول ہملیٹ تحصیل ٹوپی کے تعمیراتی کام میں بے ضابطگیوں و غبن سے متعلق شکایت موصول ہوئی۔ شکایت میں بدعنوانی اور اختیارات کے غلط استعمال کے ساتھ ساتھ کلاس رومز، واش رومز وغیرہ کی تعمیر کے لیے مختص سرکاری فنڈز میں غبن کے الزامات لگائے گئے تھے۔اسپیشل انویسٹی گیشن ونگ، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ خیبرپختونخوا نے شکایت پر تفصیلی انکوائری کی۔ انکوائری رپورٹ کے مطابق منصوبے میں نو کلاس رومز، پانچ واش رومز، پہلی منزل پر سیڑھیوں کی تعمیر، سولر سٹم اور ایکسٹرنل الیکٹریفیکیشن شامل تھی جبکہ موقع پر صرف سات کلاس رومز بنائے گئے تھے۔ اس کے علاوہ کوئی واش روم، کوئی سیڑھیاں، کوئی سولر سسٹم نہیں اور بیرونی الیکٹریفیکیشنز نہیں کی گئی تھی۔ رپورٹ میں نقصان کا کل تخمینہ 73,47,879 روپے لگایا گیا ہے جس کو ریکور کرکے قومی خزانے میں جمع کردیا گیا۔ مذکورہ نقصان کی وصولی ایگزیکٹو انجینئر اور ٹھیکیدار سے کر کے صوبائی خزانے میں جمع کرایا گیا۔