کوہاٹ (مانند نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا“کے تحت اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ نمرہ اویس نے تجاوزات کے خاتمے کیلئے جاری مہم کو مزید مؤثر اور تیز کر دیا ہے۔ اس مہم کے دوران تجاوزات کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے گئے، جن میں کئی دوکانوں کو سیل کرنا اور حد سے تجاوز کرنے والے افراد کو جیل بھجوانا شامل ہیں۔ بار بار کی وارننگ کے باوجود تجاوزات جاری رکھنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی گئی۔ اس مشترکہ آپریشن میں اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ نمرہ اویس اور کینٹ ایگزیکٹو آمنہ نے اپنی اپنی زیر انتظام حدود میں بھرپور کارروائیاں انجام دیں۔ اس دوران مقامی پولیس اور ٹی ایم اے کوہاٹ کے چیف آفیسر بھی ان کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نمرہ اویس نے واضح کیا کہ تجاوزات کسی صورت قابل قبول نہیں ہیں اور اس کے ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کی ہدایات کے مطابق شہریوں کے مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے تجاوزات کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ اس مہم کا مقصد کوہاٹ کی خوبصورتی کو بحال کرنا اور شہری نظام کو بہتر بنانا ہے۔