وانا(مانند نیوز) جنوبی وزیرستان کے مرکزی علاقے میں انگوراڈہ گیٹ کے مسائل کے حل کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کی پہلی میٹنگ سپین مسجد کے احاطے میں منعقد ہوئی۔ اس اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام کے عبداللہ ندیم، مولانا صابر اللہ، ملک بوز گل، ملک شہریار، ملک رسول زمان، چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سیف الرحمان، صحافیوں اور کاروباری طبقے کے نمائندوں نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران انگوراڈہ گیٹ کی بحالی، علاقے میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور مقامی قبائل کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ انگوراڈہ گیٹ کے ذریعے تجارت کی بحالی نہ صرف علاقے کے قبائل کی معاشی حالت بہتر کرے گی بلکہ جنوبی وزیرستان میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دروازے کھولے گی۔ اجلاس میں اجتماعی دعا کی گئی، جس میں انگوراڈہ کے قبائل کی خوشحالی اور علاقے میں امن و ترقی کے لیے دعا مانگی گئی۔ کمیٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انگوراڈہ کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی تاکہ علاقے کے جنگ زدہ قبائل ترقی کی راہ میں پیچھے نہ رہ جائیں۔ اجلاس کے اختتام پر اعلان کیا گیا کہ کمیٹی کا اگلا اجلاس ہفتے کے روز دوبارہ سپین مسجد میں منعقد ہوگا اور تمام ارکان کو شرکت کی دعوت دی گئی۔ اس میٹنگ کو علاقے میں خوشحالی اور مسائل کے حل کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔