کوہاٹ (مانند نیوز)کوہاٹ میں چینی کمپنی کی سرمایہ کاری کیلئے دلچسپی کا جائزہ لینے کیلئے خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم آفریدی ایڈووکیٹ کی زیر صدارت کوہاٹ میں اعلیٰ سطح کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں دوسروں کے علاوہ سابق وفاقی وزیر داخلہ اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شہریار آفریدی ایم این اے، چیئرمین ڈیڈاک کوہاٹ شفیع جان ایم پی اے، داؤد شاہ آفریدی ایم پی اے، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم چترالی، تحصیل میئر کوہاٹ قاری شیر زمان، تحصیل ناظم گمبٹ ساجد اقبال، تحصیل ناظم لاچی احسان خان اور متعلقہ محکموں کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں چینی کمپنی کی کوہاٹ میں مختلف شعبوں بالخصوص فارمنگ اور لائیو سٹاک میں سرمایہ کاری میں دلچسپی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس حوالے سے کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ صوبائی حکومت کی جانب سے کمپنی کو یقین دہانی کرائی گئی کہ چینی کمپنی کو ہر ممکن تعاون اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ وزیر قانون نے کہا کہ چینی کمپنی کی سرمایہ کاری سے نہ صرف کوہاٹ میں روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے بلکہ اس سے مقامی معیشت مستحکم ہوگی اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ لائیو سٹاک اور فارمنگ کے شعبوں میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے چینی کمپنی کی جانب سے سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے کوہاٹ کی ترقی کیلئے ایک مثبت قدم اور نیک شگون قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ یہ کوہاٹ کی ترقی اور خوشحالی کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا اور ترقیاتی کاموں میں مزید تیزی آئے گی۔