وانا (مانند نیوز) موٹر کار اسٹینڈ یونین کے چیئرمین مارث خان وزیر نے ڈسٹرکٹ پریس کلب وانا جنوبی وزیرستان لوئر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جنرل بس اسٹینڈ کی نیلامی کو مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ رات کی تاریکی میں نیلامی کا عمل سراسر ناانصافی پر مبنی ہے اور اس فیصلے سے مقامی اقوام کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی سازش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ یہ یکطرفہ فیصلہ فوری طور پر واپس لیا جائے، بصورت دیگر وانا بازار میں احتجاج کیا جائے گا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی ذمہ داری ضلعی انتظامیہ اور ٹی ایم او پر ہوگی۔ پریس کانفرنس کے دوران یونین کے صدر حسین خان نے انکشاف کیا کہ قانونی طور پر این او سی کے لیے انہوں نے سابقہ ٹی ایم او کے پاس 4 لاکھ 85 ہزار روپے جمع کرائے تھے اور فروری 2021 میں مزید 8 لاکھ روپے ادا کیے تھے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ موجودہ ٹی ایم او اور تحصیل چیئرمین نے ملی بھگت سے پشاور میں نیلامی کی کارروائی مکمل کی، جو ایک سوچا سمجھا منصوبہ ہے۔ یونین کے جنرل سیکرٹری خان زمان نے کہا کہ جنرل بس اسٹینڈ کی نیلامی متنازعہ افراد، ارشاد خان اور غلام رسول، کو دینا اقوام کے درمیان اختلافات کو بڑھاوا دینے کی ایک سوچی سمجھی چال ہے، جسے وہ کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وانا بس اسٹینڈ پر عدالتی حکم امتناعی (اسٹے آرڈر) کے باوجود نیلامی کرانا قانون اور عدلیہ کی خلاف ورزی ہے۔ یونین نے ڈپٹی کمشنر وانا ناصر خان، کمشنر ڈی آئی خان ڈویژن، اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی کہ اس متنازعہ نیلامی کو منسوخ کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ ٹینڈر یونین کی غیر موجودگی میں مکمل کیا گیا، جو ایک غیر منصفانہ عمل ہے۔ پریس کانفرنس میں یونین کے دیگر رہنما، بشمول صدر حسین خان اور فنانس سیکرٹری اسحاق خان، بھی موجود تھے۔ یونین نے اپنے مؤقف پر ڈٹے رہنے اور حقوق کے تحفظ کے لیے بھرپور احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔