وانا (مانند نیوز) جنوبی وزیرستان لوئر تحصیل شکئی کے علاقے سانگہ میں قوم خوجل خیل کے مشران اور معززین کا ایک گرینڈ جرگہ منعقد ہوا، جس میں قوم کے تمام اہم عمائدین نے بھرپور شرکت کی۔ جرگے میں متعدد اہم اور دور رس اثرات کے حامل فیصلے کیے گئے، جن کا مقصد علاقائی امن و امان کو مستحکم کرنا اور دشمنیوں کے خاتمے کے لیے اجتماعی حکمت عملی طے کرنا تھا۔جرگے میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ذاتی دشمنیوں کی آڑ میں بے گناہ افراد کو نشانہ بنانے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ اگر کسی بھی فریق نے کسی قاتل یا مجرم کے بجائے کسی بے قصور فرد پر انتقامی حملہ کیا، تو ایسے شخص کو قوم کا مجرم قرار دیا جائے گا اور آئندہ جرگے میں اس کے خلاف حتمی اور عبرتناک فیصلہ صادر کیا جائے گا۔اس موقع پر ملک معاذل خان خوجل نے اپنے خطاب میں کہا کہ غیر قانونی اور غیر اخلاقی کارروائیاں قوم کے لیے ناقابل قبول ہیں اور ان کے خاتمے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل اپنانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم خوجل خیل متحد ہو کر ان مسائل کا سدباب کرے گی تاکہ امن و امان کی فضا کو بحال رکھا جا سکے۔ملک معاذل خان نے قوم کے نوجوانوں اور مشران سے اپیل کی کہ وہ اس فیصلے کی مکمل پاسداری کریں اور مستقبل میں کسی بھی قسم کی غیر ذمہ دارانہ حرکت سے اجتناب کریں۔ دیگر مشران نے بھی اس جرگے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جرگے کے فیصلوں کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔یہ جرگہ قوم خوجل خیل کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور علاقائی امن کے قیام کے لیے ایک ٹھوس بنیاد فراہم کرتا ہے۔ اس موقع پر عوام نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا اور قوم کی اتحاد و یکجہتی کو سراہا۔