کوہاٹ(مانند نیوز) خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم آفریدی ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ پروڈکشن بونس فنڈ کے شفاف اور منصفانہ استعمال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور ایک ایک پائی عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذکورہ فنڈ کے تحت ہر علاقے کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر ہاؤس کوہاٹ میں پروڈکشن بونس فنڈ کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں دوسروں کے علاوہ شہریارآفریدی ایم این اے، چیئرمین ڈیڈاک کوہاٹ شفیع جان ایم پی اے، داؤد شاہ آفریدی ایم پی اے، ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم، گمبٹ اور لاچی کے تحصیل ناظمین اور متعلقہ محکموں کے حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں کوہاٹ کے پروڈکشن بونس فنڈ کے شفاف اور موثر استعمال کو یقینی بنانے کے طور طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور اس سلسلے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔اجلاس میں پروڈکشن فنڈ کے تحت تعلیم، صحت، پینے کے پانی، بجلی، گیس اور مواصلات و تعمیرات کے شعبوں میں مفاد عامہ کے منصوبے تیار کرنے پر زور دیا گیا۔ اجلاس میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے مذکورہ فنڈ کی تقسیم کے معاملات بھی زیر غور آئے۔ وزیر قانون نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ضلع بھر میں ایسے منصوبے ترتیب دیں جن سے براہ راست عوام کو فائدہ پہنچے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے تمام محکموں کے درمیان ہم آہنگی انتہائی ضروری ہے۔ آفتاب عالم نے تمام منتخب نمائندوں کا عوامی مفاد کیلئے ایک پیج پر جمع ہونے اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے وسائل کے استعمال پر متفق ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتہائی حوصلہ افزا اقدام قرار دیا اور کہا کہ اس کے کوہاٹ کی ترقی پر دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔