پشاور(مانند نیوز) گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایڈورڈز کالج پشاور کے فیکلٹی اراکین کے ساتھ منگل کے روزگورنر ہاؤس میں خصوصی نشست کاانعقادکیا۔ اس خصوصی نشست کا انعقاد ایڈورڈز کالج کی تعلیمی، مالی و انتظامی معیار میں بہتری کیلئے کیا گیا۔خصوصی نشست میں ایڈورڈز کالج کی تمام فیکلٹی اراکین نے اظہار خیال کیا۔ مذکورہ نشست میں ایڈورڈز کالج کے تمام شعبوں کی فیکلٹی کی تعلیمی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔گورنر خیبر پختونخوا نے فیکلٹی اراکین سے ایڈورڈز کالج کے تعلیمی نتائج بہتر نہ ہونے اور بہترین تعلیمی ماحول میسر نہ ہونے سے متعلق عوامی شکایات کی وجوہات پوچھیں۔فیکلٹی اراکین نے گورنر خیبر پختونخوا کو ایڈورڈز کالج کا تعلیمی معیار بہتر بنانے اور انفراسٹرکچر کی بہتری سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں اورکالج کے انتظامی و مالی امور میں شفافیت لانے کی ضرورت پر زور دیا۔خصوصی نشست میں عرصہ دراز سے تعینات فیکلٹی کے پروموشن مسائل اور اس حوالے سے متعلقہ رولز و پالیسی کا ازسرنو جائزہ لینے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ فیکلٹی اراکین نے کالج کی مجموعی کارکردگی بہتربنانے کیلئے احتساب اور آڈٹ نظام کو موثر بنانیکی تجویز بھی پیش کی اورایڈورڈز کالج کی تعلیمی و تاریخی ساکھ برقرار رکھنے اور معیار تعلیم بہتر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا کا کہناتھاکہ ہم سب کا مقصد ایڈورڈز کالج کی تعلیمی معیار کو بحال کرنا ہے،خصوصی نشست کا مقصد فیکلٹی اراکین کی رائے و تجاویز جاننا مقصود تھا۔انہوں نے کہاکہ ایڈورڈز کالج کی تعلیمی شہرت بحال کرنے کیلئے سخت فیصلے لینے پڑے تو پیچھے نہیں ہٹوں گا۔گورنرنے کہاکہ اساتذہ انتہائی قابل احترام ہیں، نوجوان نسل کامستقبل محنتی وایماندار اساتذہ کے ہاتھوں میں ہے۔انہوں نے فیکلٹی اراکین کو مسائل کے حل کیلئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔#