کوہاٹ (مانند نیوز) اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) اور جاپانی حکومت کے تعاون سے سائبر ویژن انٹرنیشنل کے زیر انتظام کوہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی میں اورکزئی اور کرم کے نوجوانوں کے لئے مختصر 15روزہ گرافکس ڈیزائنگ، ای کامرس اور سوشل میڈیا مارکیٹنگ کے کورسز جاری ہیں۔ ان کورسز میں 80 خواتین ای کامرس اور سوشل میڈیا مارکیٹنگ میں جبکہ 70 مرد گرافکس ڈیزائنگ کے تربیت میں حصہ لے رہے ہیں۔ جس میں طلباء و طالبات، گریجویٹس اور نوجوان پیشہ ور افراد شامل ہیں۔اس تربیتی پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے روشناس کروانا ہے، تاکہ وہ مالی خودمختاری حاصل کرنے کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع دریافت کر سکیں۔ ان کورسز کے ذریعے نوجوان فری لانس وینچرز اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر کام کے قابل بن سکیں گے۔پروگرام کے پراجیکٹ کوآرڈینیٹر بلال وزیر اور ٹرینر علی حیدر کا کہنا ہے کہ یہ تربیتی پروگرامز نوجوانوں کو معاشی خودمختاری کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے خاص طور پر ڈیزائن کیے گئے ہیں اور ان کورسز کے زریعے نہ صرف نوجوانوں کو ڈیجیٹل سکلیز کے مہارتوں سے روشناس کیا جارہا ہے بلکہ انہیں جدید ٹیکنالوجیز کے ذریعے معاشی خودمختاری کے مواقع بھی فراہم کیے جارہے ہیں۔ یاد رہے کہ اس پروگرام کے تحت مختصر اور طویل مدتی تربیتی کورسز کے ذریعے اب تک اورکزئی اور کرم کے 500 سے زائد ٹرینیز کو مختلف ڈیجیٹل مہارتوں میں تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔