وانا (مانند نیوز) وانا کونسلرز اتحاد کے صدر قمر عباس وزیر کی سربراہی میں ویلیج اور نیبرہوڈ کونسل کے چیئرمینوں کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پاکستان تحریک انصاف کے منتخب نمائندوں کی کارکردگی اور ان کی مبینہ ناانصافیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ صدر قمر عباس کے مطابق 49 ویلیج اور نیبرہوڈ کونسلز کے لیے مختص کلاس فور کی ملازمتیں منتخب نمائندوں، ایم پی اے عجب گل وزیر اور ایم این اے زبیر وزیر نے غیر شفاف طریقے سے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں میں تقسیم کر دی ہیں۔ صدر قمر عباس نے کہا کہ ان ملازمتوں کی تقسیم میں نہ تو کونسلرز کو اعتماد میں لیا گیا، نہ ہی ان آسامیوں کے لیے کوئی اشتہار دیا گیا، اور نہ ہی بھرتی کے عمل کو شفاف اور منظم طریقے سے مکمل کیا گیا۔ اس سلسلے میں وانا کونسلرز اتحاد کے عہدیداروں نے ایک ویڈیو پیغام بھی جاری کیا، جس میں صدر قمر عباس نے ایم پی اے عجب گل وزیر اور ایم این اے زبیر وزیر پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے کونسلرز کے حقوق پر ڈاکہ ڈال کر میرٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اطلاعات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو بھی اس معاملے میں شامل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ صدر قمر عباس نے پرائم این جی اوز کے کردار کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان اداروں نے تحریک انصاف کے دباؤ پر میرٹ کی دھجیاں اڑا دی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ مختلف علاقوں سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو ملازمتوں کے لیے سفارشات دی گئیں، اور ان تنظیموں میں صرف پی ٹی آئی کے ورکرز کو ملازمتیں دی گئیں۔ قمر عباس نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کے تحت ٹرانسفارمرز کی مرمت کے لیے منظور شدہ کروڑوں روپے کے فنڈز کو بھی ایم پی اے عجب گل وزیر نے اپنے من پسند افراد کے ذریعے استعمال کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان فنڈز کے استعمال میں بھی کونسلرز کو نظرانداز کیا گیا اور کام صرف دکھاوے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ صدر قمر عباس نے کہا کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔ انہوں نے منتخب نمائندوں پر زور دیا کہ وہ عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی توجہ مرکوز کریں اور ناانصافیوں سے گریز کریں۔ ذرائع کے مطابق، ایم پی اے عجب گل وزیر کی ہدایات پر ٹرانسفارمرز کی مرمت کے کام مختلف علاقوں میں جاری ہے، لیکن منتخب نمائندوں کی جانب سے ابھی تک کوئی وضاحت یا بیان سامنے نہیں آیا ہے۔