پشاور (مانند نیوز) پاکستا ن مسلم لیگ کے صوبائی صدر انتخاب خان چمکنی نے صوبائی حکومت کی بدعنوانی پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے خیبر پختونخوا میں بے نظیر نشوونما پروگرام میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف موجودہ صوبائی حکومت کی بدعنوانی اور نااہلی کا شرمناک ثبوت ہے۔ یہ افسوسناک حقیقت ہے کہ ایک ایسا پروگرام، جس کا مقصد غریب اور پسماندہ طبقات کی غذائی ضروریات پوری کرنا تھا، کرپٹ عناصر کی ہوس کی نذر ہوگیا۔ورلڈ فوڈ پروگرام جیسے معتبر عالمی ادارے کا اس منصوبے کو روکنا حکومت کی ناقص حکمرانی اور مالی بے ضابطگیوں کا کھلا اعتراف ہے۔ یہ حکومت نہ صرف عوام کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہی ہے بلکہ عالمی سطح پر صوبے کی بدنامی کا سبب بن رہی ہے۔یہ امر قابل مذمت ہے کہ حکومتی عہدیدار عوامی خدمت کے منصوبوں کو اپنی ذاتی جیبیں بھرنے کا ذریعہ بنا رہے ہیں۔ غریب عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالنا اور ان کی بنیادی ضروریات کو کرپشن کے دلدل میں دھکیلنا ایک ناقابل معافی جرم ہے۔پاکستان مسلم لیگ (ق) حکومت کی ان بدعنوانیوں اور عوام دشمن پالیسیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتی ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر ایک آزاد اور شفاف تحقیقاتی کمیشن تشکیل دیا جائے جو ان بے ضابطگیوں کی مکمل چھان بین کرے اور تمام ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لائے۔ہم حکومت کو یاد دلانا چاہتے ہیں کہ عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے۔ اگر فوری طور پر اصلاحات نہ کی گئیں اور بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں نہ لایا گیا تو عوامی ردعمل شدید ہوگا۔پاکستان مسلم لیگ (ق) عوامی فلاح و بہبود کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ خیبر پختونخوا کے عوام کے حقوق کا تحفظ ہو اور انہیں ان کی بنیادی ضروریات سے محروم نہ کیا جائے۔