کوہاٹ (مانند نیوز) سابق وفاقی وزیر داخلہ اور پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شہریار آفریدی ایم این اے نے چیئرمین ڈیڈاک کوہاٹ شفیع جان ایم پی اے اور داؤد شاہ آفریدی ایم پی اے کے ہمراہ کوہاٹ میں شاہ پور پل پر جاری کام کا معائنہ کرنے کیلئے وہاں کا دورہ کیا۔محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے متعلقہ حکام نے اراکین اسمبلی کو پل پر جاری کام کے بارے میں اپڈیٹ کیا۔انہوں نے اس موقع پر بعض درپیش مسائل کا بھی تفصیلی جائزہ لیا اور یقین دہانی کرائی کہ معمولی نوعیت کے ان مسائل کا فوری حل نکال لیں گے تاہم اس سے کام میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیئے۔ شہریار آفریدی ایم این اے نے مقامی انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ پل کے منصوبے کو جلد از جلدمکمل کریں۔ دریں اثناء شہریار خان آفریدی ایم این اے نے شفیع جان ایم پی اے کے ہمراہ گورنمنٹ بوائز ہائیر سیکنڈری سکول بہزادی چکرکوٹ کوہاٹ کے اپگریڈیش کے افتتاحی تقریب میں بھی بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔انہوں نے نے مذکورہ سکول کے اپگریڈیش کا افتتاح پاکستان تحریک انصاف کے ورکرز سے کروایا۔ سکول ہذا کو 49.20 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائیگا۔اس موقع پر عمائدین علاقہ اور پارٹی کی مقامی قیادت بھی موجود تھی۔