باجوڑ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی زیر صدارت ایگریکلچر آفیسر باجوڑ کے ساتھ ڈی سی آفس میں اجلاس منعقد ہوا، جس میں زمیندار بھائیوں کے لیے ایک مثبت اور خوش آئند اقدام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صوبائی حکومت نے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ زراعت کے تعاون سے خیبرپختونخوا فوڈ سیکیورٹی سپورٹ پراجیکٹ (KP-FSSP) کے تحت ضلع باجوڑ سمیت پورے صوبے میں زمینداروں کے ڈیجیٹل ڈیٹا بیس کی رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ اقدام زمینداروں کو آئندہ حکومتی پالیسیوں اور سبسڈی کے مؤثر حصول میں مدد فراہم کرے گا۔پروگرام کے تحت ضلع باجوڑ میں 37,218 زمینداروں کی رجسٹریشن کی جائے گی، جس میں ان کے کاشتکاری کے طریقوں، فصلوں، اور باغات سے متعلق تفصیلی معلومات حلفیہ بیان اور ریکارڈ کے ساتھ جمع کی جائیں گی۔ رجسٹریشن کے بعد تیار ہونے والا ڈیٹا بیس زمینداروں کے لیے حکومتی مراعات اور سبسڈی کو براہ راست ان کے اکاؤنٹس میں منتقل کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔یہ رجسٹریشن محکمہ زراعت کی فیلڈ ٹیم، ضلعی انتظامیہ، اور لوکل گورنمنٹ کے اہلکاروں کے تعاون سے ویلج کونسلز کی سطح پر جاری کی جائے گی۔ زمینداروں سے اپیل ہے کہ وہ اس عمل میں بھرپور تعاون کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد رجسٹریشن کروا سکیں۔