پشاور (مانند نیوز)ڈائریکٹوریٹ جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا اور پشاور زلمی کے تعاون سے کویت کرکٹ ٹیلنٹ ہنٹ ہفتہ کے روزحیات آباد سپورٹس کمپلیکس پشاور میں منعقد ہوا۔ٹیلنٹ ہنٹ کے لئے 10 ہزار کھلاڑیوں نے پہلے مرحلے میں رجسٹریشن کی تھی اور ایک ہزار کھلاڑیوں نے دوسرے راؤنڈ میں شرکت کی۔ٹیلنٹ ہنٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو کویت کی جانب سے کرکٹ کھیلنے کا موقع ملے گا۔اس حوالے سے منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے کھیل و امور نوجوانان سید فخر جہان تھے جنہوں نے ٹرائلز کا جائزہ لیتے ہوئے شفاف ٹرائلز کے انعقاد پر اطمینان کا اظہار کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ کویت کرکٹ لیگ کے چیئرمین ساجد اختر،پشاور زلمی کے ڈائریکٹر محمد اکرم،ڈی جی سپورٹس عبدالناصر خان سمیت دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے کہا کہ ٹیلنٹ ہنٹ میں پشاور زلمی کے تعاون سے کویت کے لئے کھلاڑیوں کو تیار کیا جائے گا جو کہ مستقبل میں یہ کھلاڑی کویت کی طرف سے کرکٹ کھلیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹیلنٹ ضائع ہونے سے بچانے کے لئے صوبائی حکومت اس طرح کا تعاون جاری رکھے گی اور پشاور زلمی کیساتھ مل کر کرکٹ کے فروغ کے لئے کام کرے گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ پی ایس ایل کے میچز پشاور میں ہوں، اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ سے باقاعدہ طور پر رابطہ بھی کیا گیا ہے۔اس موقع پر کویت کرکٹ لیگ کے چیئرمین ساجد اختر نے کہا کہ یہ ٹیلنٹ ہنٹ آئندہ کیلئے بھی جاری رہے گا جس کے لئے کویت کرکٹ بورڈ کا مکمل تعاون و سپورٹ حاصل ہے جبکہ ٹیلنٹ ہنٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو کویت میں کرکٹ کھیلنے کا موقع ملے گا۔اس موقع پر پشاور زلمی کے ڈائریکٹر محمد اکرم نے کہا کہ یہ دوسرے ممالک کیساتھ ایکسچینج پروگرام کی شروعات ہے جس کا مقصد نئے کھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بچے دو سال بعد نظر آئیں گے جو کچھ بن کر ابھرے ہوں گے۔