کوہاٹ (مانند نیوز)پشتو ادبی ٹولنہ کوہاٹ کے زیر اہتمام پشتو زبان کے نامور چاربیتہ نواز شاعر مرحوم علی مت خان استاد کی یاد میں مزمل شاہ حیران کے حجرے مسلم آباد میں شاندار محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا جس میں کوہاٹ، لاچی اور مسلم آباد کے گردونواح سے شعراء کرام اور عام لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس پر رونق تقریب کی صدارت جناب سعید رہبر نے کی جبکہ سابق رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر اقبال فنا مہمان خصوصی تھے۔ نظامت کے فرائض ڈاکٹر شاکر اورکزئی نے سر انجام دیئے۔مولانا عبدالحلیم الحکیمی نے تلاوت کلام پاک سے تقریب کا باقاعدہ اغاز کیا مزمل شاہ حیران نے دور سے آئے شعراء کرام کا شکریہ ادا کیا اور علی مت خان استاد کا کلام بھی پیش کیا۔رضا مین لیوال اور منصور حسین نے نظم میں علی مت خان استاد کی ادبی خدمات کو سراہا جبکہ فیروز خان صادق نے اپنے مضمون کے چیدہ چیدہ نکات پیش کرتے ہوئے کہا کہ علی مت خان استاد کے ساتھ میں نے کئی مشاعروں میں شرکت کی تھی وہ چاربیتہ کے ایک بہترین لکھاری تھے۔رسول خان خاموش، ڈاکٹر شاکر اورکزئی اور دیگر مقررین نے علی مت خان استاد کا کلام کو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے جلد از جلد شائع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔مہمان خصوصی ڈاکٹر اقبال فنا نے کہا کہ اس علاقے میں شاعری کے 3 استاد، سید حسن استاد، بادشاہ گل استاد اور علی مت خان استاد گزرے ہیں۔سید حسن استاد کے فکر و فن پر کتاب چھپ چکی ہے لیکن بادشاہ گل استاد اور علی مت خان استاد کے فکر و فن پر کام کرنا باقی ہے۔صدر محفل سعید رہبر نے کہا کہ اج کی اس پر رونق محفل میں جم غفیر کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ اپنی زبان اور ادب کے ساتھ والہانہ محبت اور لگاؤ رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علی مت خان استاد اور بادشاہ گل استاد فی البدیہ شاعری میں لاثانی تھے۔دوسرے دور میں آزاد محفل مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈاکٹر اقبال فنا، سعید رہبر، باگرام خٹک، انور حسین مسافر، سید معصوم شاہ معصوم، مولانا عبدالحلیم الحکیمی، فیروز خان صادق، رحیم خان مجروح، خالد پختون، عمر فاروق عادل، شفیق شنواری، اتل افغان، ڈاکٹر شاکر اورکزئی، عبداللہ ظہیر، رسول شاہ حساس،رضامین لیوال، منصور حسین منصور، تور گل استاد، رسول خان خاموش، نور الرحمان درویش، انور سائل اورکزئی، ودود گل باچہ، شفیق الرحمان، مزمل شاہ حیران، مولانا شہباز اور دیگر نے کلام پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔