ہنگو (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر ہنگو گوہر زمان وزیر نے حکومت خیبر پختونخوا کے گڈ گورننس پروگرام ”عوامی ایجنڈا“ کے اوپن ڈور پالیسی کے تحت اپنے دفتر میں علاقہ شاہو وام کے عمائدین کے ایک وفد سے ملاقات کی۔وفد نے ڈپٹی کمشنر کو علاقے کے بنیادی مسائل باالخصوص پینے کے پانی سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ڈپٹی کمشنر ہنگو نے موقع پر ہی اسسٹنٹ کمشنر کو مسائل فوری طور پرحل کرنے کی ہدایت کی جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ہنگونے علاقہ شاہو وام میں طویل عرصے سے درپیش پانی کی عدم دستیابی کا مسئلہ کامیابی کے ساتھ حل کردیا۔ مذکورہ گاؤں کے عمائدین نے ضلعی انتظامیہ ہنگو کی اس اہم مسئلے کو ترجیح دینے اور اسے فوری طور پر حل کرنے پر شکریہ ادا کیا۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر ہنگو کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر ہنگو اسفندیار خالد نے سمانہ کے علاقے میں ٹمبر مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر سمگل کی جانے والی لکڑی کو گاڑیوں سمیت تحویل میں لے لیا۔ ڈپٹی کمشنر ہنگو نے ٹمبر مافیا کو سختی سے پیغام دیا ہے کہ ٹمبر مافیا کے ساتھ قسم کی رعایت نہیں کی جائے گی اور جنگلات کے تحفظ اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کیلئے آخری حد تک جانے سے گریز نہیں کیا جائے گا۔