کوہاٹ (مانند نیوز) اباسین ادبی ٹولنہ کوہاٹ نے مولانا عبدالوہاب وزیر اور ممتاز شاعر و ادیب محمد جان عاطف کے اعزاز میں مسجد قعقاع کمال ٹاؤن کوہاٹ میں نعتیہ محفل مشاعرہ کا اہتمام کیا جس کی صدارت تنظیم کے صدر فیروز خان صادق نے کی۔واضح رہے کہ مولانا عبدالوہاب وزیر نے آج ہی دارلعلوم انجمن تعلیم القرآن پراچہ ٹاؤن کوہاٹ سے فراغت حاصل کی ہے جبکہ پشتو، اردو اور ہندکو زبان کے ممتاز شاعر و ادیب محمد جان عاطف حال ہی میں عمرہ کی سعادت حاصل کرکے آئے ہیں۔سید معصوم شاہ معصوم نے نظامت کے فرائض سر انجام دیئے۔قاری عبداللہ نے اس بابرکت محفل کا آغاز اپنے خوبصورت آواز اور قرات کے ساتھ تلاوت کلام پاک سے کیا۔مولانا عبدالحلیم الحکیمی نے آئے ہوئے مہمان شعراء کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔مولانا سلطان فاروق نے مختصر مگر جامع خطاب میں کہا کہ مولانا عبدالوہاب وزیر کی مدرسہ سے فراغت اہل محلہ کیلئے بڑی سعادت کی بات ہے۔انہوں نے محمد جان عاطف اور ڈاکٹر عصمت اللہ کو بھی عمرے کی سعادت حاصل کرنے پر مبارکباد دی اور سب شرکاء محفل کیلئے بار بار عمرے اور حج کی سعادت حاصل کرنے کی دعا کی۔مہمانان گرامی مولانا عبدالوہاب وزیر اور محمد جان عاطف نے ان کے اعزاز میں نعتیہ مشاعرہ کا اہتمام کرنے پر اباسین ادبی ٹولنہ اور اہل محلہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔نعتیہ مشاعرہ میں محمد جان عاطف،فیروز خان صادق، سید معصوم شاہ معصوم،گل صاحب خان آفریدی،رحیم خان مجروح،خالد پختون، رضامین لیوال،مظہر السلام مظہر،مولانا عبدالحلیم الحکیمی،مشتاق سرحدی اور رسول شاہ حساس نے نعتیہ کلام پیش کرکے شرکاء محفل سے بھر پور داد وصول کی۔اس بابرکت محفل میں اہل محلہ نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔