کوہاٹ (مانند نیوز) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم نے لیاقت میموریل ہسپتال کوہاٹ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ہسپتال کی تعمیر نو کے سلسلے میں جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ متعلقہ حکام نے انہیں منصوبے کی موجودہ صورتحال اور پیش رفت پر بریفنگ دیتے ہوئے ہسپتال کی تعمیر کے مختلف مراحل اور چیلنجز سے تفصیلاً آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے متعلقہ حکام کو ہسپتال پر جاری کام کی رفتار تیز کرنے اور منصوبے کی شفافیت اور معیار کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم نے کوہاٹ چیمبر آف کامرس کے صدر رشید پراچہ کی زیر قیادت وفد سے بھی ملاقات کی۔ وفد میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر فہیم اللہ اور دیگر عہدیدار بھی شامل تھے۔بانی چیمبر آف کامرس رشید پراچہ نے ڈپٹی کمشنر کو سمال انڈسٹریل اسٹیٹ کی سیکیورٹی، لیبرز کی رہائش، فوڈ ٹیکنالوجسٹ، ڈومیسٹک ٹرانسفارمر، کوہاٹ چیمبر آفس پلاٹ و دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ کوہاٹ انڈسٹریل اسٹیٹ کو مطلوبہ سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ صنعت و تجارت سے علاقہ تیزی سے ترقی کر سکے اور وطن عزیز معاشی بحران سے نکل سکے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے پیش کردہ تمام مسائل کے حل کے حوالے سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ جس پر بانی چیمبر آف کامرس سمیت تمام شرکاء نے ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔وفد نے امید ظاہر کی کہ اس اجلاس کے بہترین اور حوصلہ افزا نتائج برآمد ہوں گے۔