وانا (مانند نیوز) وانا میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کا مرکزی سینٹر غیر فعال ہونے پر اہلِ علاقہ نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مسائل کے حل میں ناکامی کی بنیادی وجہ بی آئی ایس پی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی لاپرواہی ہے۔ حکام کو بارہا شکایات درج کرانے کے باوجود سینٹر میں عملے کی کمی اور موجودہ سٹاف کی ناقص کارکردگی کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سینٹر میں چیک اینڈ بیلنس کا کوئی مؤثر نظام موجود نہیں، جس کے نتیجے میں روزانہ مختلف علاقوں سے لوگ اپنے مسائل کے حل کے لیے دفتر آتے ہیں مگر مایوس ہوکر واپس لوٹ جاتے ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی غلجہ کے ویلیج چیئرمین احمد خان کا کہنا ہے کہ وانا کے مرکزی بی آئی ایس پی سینٹر میں عوام کے مسائل حل نہیں ہو رہے۔ اے ڈی نعمان اور ذہیب ڈیرہ اسماعیل خان سے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کام چلا رہے ہیں اور تاحال وانا سینٹر کا دورہ تک نہیں کیا۔ عوام کے شناختی دستاویزات، اندراج اور رجسٹریشن جیسے مسائل حل کرنے کے لیے عملہ ناکافی ہے۔ ڈی ای اوز کی تعداد بھی کم ہے، اور صرف تین اہلکار ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں، جو عوامی ضروریات کے لیے ناکافی ہیں۔ویلیج چیئرمین صدیق وزیر نے بھی ایک ویڈیو پیغام میں ان مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے حکام بالا سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری نوٹس لے کر بی آئی ایس پی سینٹر کو مکمل طور پر فعال کریں۔ شکئی سے تعلق رکھنے والے ایک نوجوان نے شکایت کی کہ طلبہ کی رجسٹریشن جیسے مسائل کے حل میں کئی مہینے لگ جاتے ہیں، لیکن افسوس ہے کہ حکام اور منتخب نمائندے عوامی مسائل کے حل میں کوئی سنجیدگی نہیں دکھا رہے۔وانا بی آئی ایس پی سینٹر میں تعینات افسران کی جانب سے ان شکایات پر کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔ احمد خان کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے صوبائی سطح پر بھی ان مسائل کو اٹھایا ہے، لیکن اب تک وانا سینٹر کے مسائل حل نہیں ہو سکے ہیں۔