باجوڑ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) نے ہمراہ ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر اور چائیلڈ پروٹیکشن آفیسر باجوڑ، سنو ریڈیوFM 89.4 خار، میں ریڈیو کھلی کچہری کا اہتمام کیا۔کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے بذریعہ ٹیلی فون کالز، سوشل ویلفیئر اور چائیلڈ پروٹیکشن کے بارے میں مختلف تجاویز اور مسائل پیش کئے. شکایات کے فوری حل کیلئے متعلقہ افسران کو موقع پر ہی ہدایات جاری کی گئیں۔ کھلی کچہری میں اٹھائے گئے مسائل کی نسبت باقاعدہ روداد مرتب ہو کر جاری ہو گی۔اس کے علاوہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل باجوڑ نے اپنے دفتر میں حکومت خیبرپختونخوا کے احکامات کی روشنی میں گلی فروشوں کو ہم آہنگ اور منظم کرنے بابت منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔اجلاس میں متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر، تحصیل انتظامیہ اور لوکل گورنمنٹ کے اہلکاران نے شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ابتدائی طور پر خار اور عنایت قلعہ بازاروں میں گلی فروشوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے گا۔ اس ڈیٹا کی روشنی میں متعلقہ بازاروں میں گلی فروشوں کیلئے بنیادی سہولیات سے آراستہ مخصوص احاطے ترتیب دینے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے۔اجلاس کے دوران کئے گئے فیصلوں کی نسبت باقاعدہ روداد مرتب ہو کر جاری ہو گی۔مزید برآں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے ٹرانسپورٹ آفس میں منعقدہ ڈرائیونگ ٹیسٹ کا بھی بذریعہ نمائندہ نگرانی کی۔