ہنگو (مانند نیوز)یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ڈپٹی کمشنرہنگوکے دفتر میں مرکزی تقریب منعقدہوئی جس میں ڈپٹی کمشنرہنگو گوہرزمان وزیر، انتظامی افسران،تعلیمی اداروں کے طلبا،امن کمیٹی کے ممبران سمیت مختلف طبقہ فکر کے افراد نے شرکت کی۔اس موقع پرکشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔طلباء نے ملی نغموں اور تقاریر میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیا۔تقریب سے امن کمیٹی کے ممبران شاہ حسین ایڈوکیٹ، مولانا ارشاد علی، اقلیتی رہنمانریندرکمار اور سینئر صحافی طارق محمود مغل نے بھی خطاب کیا۔ڈپٹی کمشنر ہنگو نے کہا کہ کشمیریوں کے ساتھ پاکستان کا خون اور مذہب کا رشتہ ہے،کشمیری اپنے بنیادی حق آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں دے رہے ہیں اور پاکستان کشمیریوں کی ہر محاذ پر حمایت جاری رکھا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ ظلم آخر ظلم ہے مٹ کر رہے گا۔ہم کشمیریوں کو ہر ظلم و جبر جوانمردی سے برداشت کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم بحیثیت قوم اپنے آپ کو مستحکم بنائیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اقلیتی رہنما نریندرکمار نے کہا کہ اقلیتیں بھارت کی ناجائز قبضے کی پر زور مذمت کرتی ہیں۔سینئر صحافی طارق محمود مغل نے کہا کہ پاکستان ہر لحاظ سے مضبوط ہو گا تو دنیا ہماری بات سنے گی۔انہوں نے کہا کہ آج ہمیں اپنے کردار اور گفتار کا از سر نو جائزہ لیکر اپنی اصلاح کرنی چاہیے۔قومی مشران مولانا ارشاد علی اور شاہ حسین ایڈوکیٹ نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا رہے گا اور ہم کشمیریوں کو ان کی قربانیوں پر سلام پیش کرتے ہیں۔اس موقع پر پاکستان کی سا لمیت اور کشمیریوں کی آزادی کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔