کوہاٹ (مانند نیوز) ملک کے دوسرے حصوں کی طرح یوم یکجہتی کشمیر پورے کوہاٹ ڈویژن میں قومی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا۔اس سلسلے کی بڑی تقریب ڈویژنل ہیڈکوارٹر کوہاٹ میں ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں منعقدکی گئی جس میں سابق وفاقی وزیر شہریارآفریدی ایم این اے،چیئرمین ڈیڈاک کوہاٹ شفیع جان ایم پی اے، داؤدشاہ آفریدی ایم پی اے، کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ اورڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم کے علاوہ ضلعی انتظامیہ اور سرکاری محکموں کے افسران،مختلف مکاتب فکر کے لوگوں اور سکولوں کے طلباء وطالبات نے شرکت کی۔ اسی طرح ہنگو، کرک،اورکزئی اورکرم کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں بھی یوم یکجہتی کشمیر اس عہد کی تجدید کے ساتھ منائی گئی کہ اقوام متحدہ کے قراردادوں کے مطابق کشمیر کی جدوجہد آزادی کو اپنی منزل کے حصول تک جاری رکھیں گے۔تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک سے کیا گیاجس کے بعد کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔ طلباء نے اس دن کی مناسبت سے تقاریر اور ٹیبلو پیش کئے۔ بعدازاں کشمیریوں سے یکجہتی کے اظہار کیلئے ایک ریلی بھی نکالی گئی۔ شرکاء نے بینرز و پلے کارڈ اٹھارکھے تھے جن پر بھارتی ظلم و ستم،بربریت اورریاستی دہشت گردی کے خلاف نعرے درج تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہریارآفریدی،شفیع جان،داؤد شاہ آفریدی، معتصم باللہ شاہ اورعبدالاکر م نے کہا کہ کشمیرپاکستان کا اٹوٹ انگ ہے اوراس کے بغیر پاکستان نامکمل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ ہیں اوررہیں گے حتی کہ جب تک کشمیر مکمل آزاد نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر اقوام متحدہ کے فورم پراب تک نامکمل ایجنڈا ہے لہٰذا اقوام متحدہ سے بھرپورمطالبہ ہے کہ اس نامکمل ایجنڈے کو مکمل کرکے کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دیاجائے۔مقررین نے انڈیا کی ریاستی دہشت گردی کی پرزورمذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کہ اوچھے ہتکنڈوں سے کشمیریوں کی تحریک آزادی کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔