تورغر (مانند نیوز)تورغر: ڈپٹی کمشنر تورغر انور زیب خان کی زیر صدارت دفتر سوشل ویلفیئر تورغر میں خصوصی افراد کے لیے ایک خصوصی کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔خصوصی افراد کی ضروریات اور مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے، صرف قریبی علاقوں کے مستحق افراد کو اس نشست میں شرکت کی دعوت دی گئی، تاکہ ان کے مسائل کو مؤثر طریقے سے سنا اور حل کیا جا سکے۔ کھلی کچہری کے دوران، شرکاء نے درپیش مسائل، فلاحی سہولیات، طبی امداد اور دیگر بنیادی ضروریات سے متعلق شکایات پیش کیں، جنہیں ڈپٹی کمشنر نے بغور سنا اور ان کا تفصیلی ریکارڈ مرتب کیا۔ڈپٹی کمشنر انور زیب خان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا:خصوصی افراد معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔ ان کے مسائل کے حل کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، اور حکومتی پالیسیوں کے مطابق انہیں بہترین سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ خصوصی افراد کے لیے جاری فلاحی اسکیموں کو مؤثر انداز میں نافذ کیا جائے اور انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی شکایات کے ازالے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے اور فلاحی منصوبوں کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔