سوات (مانند نیوز) سٹی کونسل بابوزئی سوات کے ماہانہ اجلاس میں ممبران نے پانی، صفائی، اسٹریٹ لائٹس، اختیارات اور فنڈز کے حوالے سے مسائل کے انبار لگا دئیے، سوات سٹی میئر شاہد علی خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کونسل کے ممبران ہمارے لئے قابل احترام ہیں پیش کردہ مسائل حل کرینگے۔ہماری کوشش ہوگی کہ ممبران کی توقعات پر پورا اترے اور تمام مسائل کے حل کیلیے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں۔ہم نے متعدد علاقوں میں سٹریٹ لائٹس کے نئے لائن بچھانے کے ساتھ ساتھ میٹرز لگائے ہیں تاہم جو بھی علاقے محروم ہیں وہاں پر بھی کام کرینگے۔شاہدعلی خان نے مزید کہا کہ مساوی بنیادوں پرممبران کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے۔جن علاقوں میں ٹیوب ویل یا پانی کی سپلائی بہتر نہیں ان مقامات پر سسٹم کی بہتری کیلئے متعلقہ ادارہ سے ملکر کوئی حل نکالیں گے۔ان کا کہناتھا کہ ہم عوام کے خادم ہیں اور خدمت پریقین رکھتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ مینگورہ شہر کے مسائل حل کرنے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔ان کا کہنا تھا شہر میں رکشوں کے مسائل کے حوالے سے متعلقہ پولیس حکام سے میٹنگ کرینگے اور کونسل کے معزز ممبران کے خدشات اور تحفظات کاازالہ کرینگے۔انہوں نے کہا کہ آبادی وسکولوں والے مقامات پر سپیڈبریکرز کی تعمیر پر غور کرینگے۔اجلاس میں اے اے سی بابوزئی،ٹی ایم اونثار خان یوسفزئی اور دیگر محکموں کے افسران نے بھرپور شرکت کی۔ ممبران عباس خان،حیدرعلی خان،برکت علی خان،نور خان،سعداللہ خان،انور اقبال بالے،محمدریاض خان،سپین خان،جاوید خان اور دیگر نے خطاب کیا اور مسائل سے ایوان کو آگاہ کیا۔ مینگورہ شہر میں دکانات کے سامنے سے تجاوزات اور گاڑیوں کو ہٹانے پر توجہ دی جائے۔مینگورہ سے اڈوں کو باہر نکالا جائے۔غیرقانونی رکشوں کے خاتمے کیلئے پالیسی وضع کی جائے اورمشکلات کاازالہ کیا جائے۔ ہتھ ریڑھیوں کیلئے بازار میں علحیدہ جگہ مختص کرنے پر ممبران نے تفصیل سے بحث کی۔واسا صفائی کے ڈسٹ بینوں کو تبدیل کیا جائے اور بوسیدہ ڈسٹ بینوں کو ہٹا کر مشکلات کاازالہ کیا جائے۔میئر شاہدعلی خان کاکہنا تھا کہ کونسل ممبران کے تجاویز کا خیرمقدم کرتے ہیں اور ممبران سے ملکر کوئی حل نکالیں گے انہوں نے کہا کہ اختیارات اور فنڈز کے حوالے سے متعلقہ اعلی فورم پر یم نے مسئلہ اٹھایا ہے اور ہم نے واضح کیا ہے کہ لوکل گورنمنٹ میں ہمارے تین سال ضائع ہوچکے لہذا کونسلوں کو مزید تین سالوں کی ایکسٹنشن دی جائے اور مسائل پر توجہ دی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں بلاتعطل بجلی کی دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ سحری وافطاری میں روزہ داروں کو مشکلات درپیش نہ ہو۔