کوہاٹ (مانند نیوز)ضلعی انتظامیہ کوہاٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا“ کے تحت آج تحصیل گمبٹ میں خصوصی افراد کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم ایڈووکیٹ اور چیئرمین تحصیل گمبٹ ساجد اقبال خصوصی طور پر شریک ہوئے جبکہ اس کی صدارت ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم چترالی نے کی۔ کچہری میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران کے علاوہ خصوصی افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر خصوصی افراد نے اپنے مسائل اور مطالبات تفصیلاً پیش کئے جن میں معذوری سرٹیفکیٹ کے حصول، نادرا آفس میں علیحدہ کاؤنٹر کے قیام، انکم سپورٹ پروگرام اور ٹیکنیکل ووکیشنل سنٹرز میں خصوصی افراد کی رجسٹریشن اور ملازمتوں کے کوٹہ پر عملدرآمد سرفہرست تھے۔ وزیر قانون، چیئرمین تحصیل گمبٹ اور ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے ان کے مسائل تحمل سے سنے اور متعلقہ حکام کو ان کے جلد حل کیلئے ضروری ہدایات جاری کیں۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون، چیئرمین گمبٹ اور ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے کہا کہ صوبائی حکومت خصوصی افراد کو معاشرے میں باوقار زندگی گزارنے کے قابل بنانے اور انہیں ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ اسی طرح خصوصی افراد کے ملازمت کے کوٹہ پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور انہیں محکمہ سماجی بہبود کے ذریعے وظیفہ دینے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کیلئے سکول کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ خصوصی افراد کا ضلعی ہسپتال میں مفت علاج بھی کیا جائے گا۔ انہوں نے این جی اوز کے تعاون سے خصوصی افراد کو فنی تربیت کی بھی یقین دہانی کرائی۔ شرکاء نے کلی کچہری کے انعقاد اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے میں ذاتی دلچسپی لینے پر وزیر قانون، چیئرمین تحصیل گمبٹ اور ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کا شکریہ ادا کیا۔