ہنگو (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر ہنگو گوہر زمان وزیر نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا” کے تحت ٹل میں قائم عارضی طور پر بے گھر افراد کے ٹی ڈی پیز کیمپ کا دورہ کیا اور وہاں پر مقیم 100 خاندانوں میں رمضان المبارک راشن پیکیج تقسیم کئے تاکہ اس مقدس اور بابرکت مہینے میں ان کی مدد کی جا سکے. رمضان المبارک راشن پیکج میں کھانے پینے کی وہ تمام اشیاء شامل ہیں جو کہ رمضان کے بابرکت مہینے میں خصوصی طور پر استعمال کی جاتی ہیں تاکہ ان لوگوں کو کسی طرح کی بھی کوئی کمی محسوس نہ ہو۔ یاد رہے کہ ضلعی انتظامیہ ہنگو نے ان تمام بے گھر افراد اور خاندانوں کے کھانے پینے اور رہائش کے انتظام کا ذمہ پی ڈی ایم اے کے تعاون کے ساتھ بخوشی لیا ہوا ہے اور ان کی خدمات میں پیش پیش ہے۔ ڈپٹی کمشنر ہنگو کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ عارضی طور پر بے گھر مہمانوں کے فلاح و بہبود اور انہیں عزت و وقار کے ساتھ رہنے کیلئے تمام تر سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے اور ہمہ وقت عوام کی خدمت کیلئے کوشاں ہے۔