پشاور(مانند نیوز)گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے خیبرپختونخوا یوتھ اسمبلی کے ایک وفد نے پیرکے روز گورنرہاوس پشاور میں ملاقات کی۔ وفد میں خیبرپختونخوا یوتھ اسمبلی کے چیئرمین دانیال پراچہ، جنرل سیکرٹری اسامہ ہمایون، وزیراعلیٰ یوتھ اسمبلی ڈاکٹرمحمدعاطف خان، سیکرٹری اطلاعات نظار احمد جدون سمیت کابینہ کے دیگر اراکین شامل تھے۔ یوتھ اسمبلی کے ارکان نے گورنر کو اپنے مختلف پروگراموں اور منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وفد نے نوجوانوں کے مسائل اور ان کے حل کے لیے گورنر سے رہنمائی کی درخواست کی۔ گورنر خیبرپختونخوا نے اس موقع پروفد کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں۔ ان کو درپیش جتنے بھی مسائل ہیں انہیں حل کیا جائیگا۔ گورنرنے نوجوانوں کو اپنے حقوق اور ذمہ داریوں کے بارے میں آگاہی دینے کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہاکہ نوجوان نسل ہی ملک کی ترقی کی ضامن ہے اور ان کی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرنا ضروری ہے۔گورنرنے نوجوانوں کو موجودہ دور کے چیلنجزسے نبردازما ہونے کیلئے آگہی دلانے میں یوتھ اسمبلی کے کردار کو بھی سراہا۔ وفد کے شرکاء نے بھر پورتعاون کی یقین دہانی پر گورنر کاشکریہ ادا کیا۔آخرمیں گورنر کو خیبرپختونخوایوتھ اسمبلی کی جانب سے سوینئر بھی پیش کیاگیا۔#