ملاکنڈ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر/ کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویزحامد الرحمٰن کی ہدایت پراسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ ریاض محسود نے بٹ خیلہ بازار میں پرائس چیکنگ کی۔ انہوں نے چیکنگ کے دوران گران فروشی میں ملوث پانچ قصائیوں کو گرفتار کر لیا اور متعلقہ پوسٹ کمانڈر کو ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ اس کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر درگئی محمد شہباز خان نے لیوی پوسٹ کوپر کا دورہ کیا وہاں پر ریکارڈ اور لیویز اہلکاروں کی حاضری چیک کی۔ متعلقہ پوسٹ کمانڈر کے ساتھ علاقائی صورت حال پر بات چیت کی اور اس کو منشیات فروشی، ہوائی فائرنگ اور دوسرے چھوٹے بڑے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاون کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ جبکہ کوپر میں پٹرول پمپس کی چیکنگ بھی کی۔ چیکنگ کے دوران پٹرول پمپس میں صفائی، گیجز اور پٹرول کے قیمتوں کا جائزہ لیا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنرملاکنڈ کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال بٹ خیلہ اور تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال درگئی میں رمضان المبارک کے حوالے سے غریبوں، راہگیروں اور مریضوں کے ساتھ آئے لوگوں کیلئے رمضان افطار دسترخوان لگایا گیا جس میں مذکورہ لوگوں کو فری افطاری دی گئی۔ رمضان دسترخوان کا اہتمام پورا مہینہ باقاعدگی سے کیا جائے گا۔