کوہاٹ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا” کے تحت گورنمنٹ کمپری ہینسیو ہائیر سیکنڈری سکول کا اچانک دورہ کیا جہاں انہوں نے جاری ترقیاتی تعمیراتی کاموں کے علاوہ سکول ہذا میں کلاس رومز میں تدریسی عمل، صفائی ستھرائی، تعلیم کے معیار اور اساتذہ کی حاضری سمیت دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ کئے بغیر مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی. ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے اس موقع پر سکول کے پرنسپل اور اساتذہ کرام کو سختی سے تاکید کی کہ سکول میں تعلیمی سرگرمیوں کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے سکول سے غیر حاضر طلباء کے والدین سے ملاقات کے دوران کہا کہ بہتر تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔حکومت سکولوں میں طلباء کی حاضری اور تعلیم کے معیار پر خصوصی توجہ دے رہی ہے لہذا والدین بھی اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر توجہ دیں اور سکولوں میں ان کی حاضری یقینی بنائیں تاکہ وہ معاشرے کے بہترین شہری بن سکیں۔ ڈپٹی کمشنر نے سکول میں بچوں کو معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ صاف ستھرے اور بہتر ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔