ایبٹ آباد (مانند نیوز) ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن (ر) ثناء اللہ خان کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف اینڈ ہیومن رائٹس امان اللہ سعید نے گورنمنٹ ہائی سکول کاکول اور بنیادی مرکز صحت کاکول کا دورہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے سکول کی عمارت، کلاس رومز، سٹاف کی حاضری، طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں، صفائی کی صورتحال اور پینے کے صاف پانی کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے طلبہ سے گفتگو کی اور سکول انتظامیہ کو ضروری ہدایات جاری کیں تاکہ تعلیمی ماحول کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔بعد ازاں، انہوں نے بنیادی مرکز صحت کاکول کا بھی معائنہ کیا، جہاں ادویات کی فراہمی، سٹاف کی حاضری، طبی سہولیات اور صفائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے شہریوں سے مسائل دریافت کیے اور میڈیکل سٹاف کو ہدایت دی کہ علاج معالجے کی سہولیات میں مزید بہتری لائی جائے تاکہ عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔