باجوڑ (مانند نیوز)باجوڑ میں غیر قانونی طور پر چلائے جانے والے دو میڈیکل اسٹورز کو سیل کر دیا گیا۔ خیبرپختونخوا حکومت کے عوامی ایجنڈا”کے تحت اور ڈپٹی کمشنر باجوڑ شاہد علی خان کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو سید سلطان حیدر علی شاہ نے محکمہ خوراک کے انسپکٹر کے ہمراہ راغگان بازار اور پشت کا دورہ کیا۔ راغگان بازار میں قصائیوں اور بیکری مالکان کو ناقص صفائی پر وارننگ دی گئی۔ بعد ازاں، پشت بازار میں قائم شکایات سیل کا معائنہ کیا گیا، جہاں تعینات عملہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے انجام دیے رہاتھا اور اب تک کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی تھی۔ اس دوران پشت بازار میں کولڈ ڈرنکس، بیکری اور مٹھائی کی دکانوں کا بھی معائنہ کیا گیا، جبکہ غیر قانونی طور پر چلائے جانے والے دو میڈیکل اسٹورز کو موقع پر سیل کر دیا گیا۔اس کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر ناوگئی محمد ریاض نے تحصیلدار ناوگئی اور ڈی ایس پی ٹریفک کے ہمراہ دربانو اور ناوگئی بازار میں مختلف دکانوں کا معائنہ کیا۔ اشیائے خوردونوش کی قیمتیں، معیار اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا، جبکہ نرخنامے کی عدم دستیابی اور زائد قیمتوں پر فروخت کرنے والے دکانداروں کو وارننگ دی گئی۔ خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عائد کیے گئے، جبکہ رمضان ڈیسک پر موصول ہونے والی شکایات اور بار بار خلاف ورزیوں کی بنا پر چار قصائیوں کو جیل بھیج دیا گیا۔