کوہاٹ (مانند نیوز)ضلعی انتظامیہ کوہاٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکے پروگرام”عوامی ایجنڈا“کے تحت گزشتہ 4 ماہ میں مسلسل تیسری”یوتھ کھلی کچہری“ کا ڈپٹی کمشنر کیمپ آفس میں انعقاد کیا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم چترالی نے کی۔کھلی کچہری میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان کے علاوہ نوجوانوں نے بھی شرکت کی۔ نوجوانوں نے کھل کر یوتھ اور معاشرے کے مجموعی مسائل تفصیلا ًپیش کئے جن میں زیادہ ترمسائل کا تعلق یوتھ افیئرز، سپورٹس، سوشل ویلفیئر، تعلیم، صحت، بجلی، گیس اور مواصلات کے شعبوں سے تھا۔ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے گزشتہ 2 یوتھ کچہریوں کی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ ان میں کل 25 مسائل/مطالبات پیش کئے گئے تھے جن میں سے 24 حل کر دیئے گئے ہیں جبکہ ایک زیر عملدرآمد ہے۔شرکاء کی جانب سے گزشتہ کچہریوں کے نتائج کو اطمینان بخش قرار دیاگیا۔ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم نے طلباء کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پرحل کرانے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہریاں نمائشی نہیں بلکہ نتیجہ خیز ہوں گی اور اب تک جتنے بھی کھلی کچہریاں منعقد کی گئی ہیں ان سب کے نتائج حوصلہ افزاء ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے مستقبل سے ہرگز مایوس نہیں کیونکہ ہمارا نوجوان انتہائی باشعور اورباصلاحیت ہے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو نوجوانوں کو منشیات سمیت دیگر سماجی برائیوں سے دور رکھنے کیلئے زیادہ سے زیادہ ایونٹس کے انعقاد کی ہدایت کی۔شرکاء نے نوجوانوں کے مسائل کے حل کیلئے مسلسل تیسری کھلی کچہری کے انعقاد پر ضلعی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔