کرک (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کرک شکیل احمد جان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا“کے تحت عوامی شکایات پر ناجائز منافع خوری اورخودساختہ مہنگائی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے از خود اسسٹنٹ کمشنر تخت نصرتی اور تحصیل میونسپل آفیسر کے ہمراہ تخت نصرتی بازار کا اچانک دورہ کیا اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا جائزہ لیا۔ اِس دوران انہوں نے سرکاری نرخنامہ آویزاں نہ کرنے اور صفائی کا خیال نہ رکھنے والے دکانداروں کی سخت سرزنش کرتے ہوئے تنبیہ کی اورکہاکہ آئندہ خلاف ورزی پرسخت ترین کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے بازار کی صفائی کا بھی نوٹس لیتے ہوئے تحصیل میونسپل آفیسر تخت نصرتی کو موقع پرضروری ہدایات دیں۔ڈپٹی کمشنر کرک نے واضح کیا کہ غریب عوام کوفوری ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے کسی کو بھی قانون کی خلاف ورزی کرکے اپنی من مانی نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ سرکاری نرخنامہ آویزاں نہ کرنے اور ناجائز منافع خوری،خودساختہ مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کسی بھی سخت اقدام سے گریز نہیں کرے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ ضلعی انتظامیہ ہر صورت اپنی کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھے گی۔