دیر(مانند نیوز)ضلعی انتظامیہ دیر لوئر کی کاروائی، گراں فروشی اور صفائی کی ناقص صورتحال پر میاں بانڈہ تیمرگرہ میں 07 قصائیوں کو گرفتار کرلیا گیا۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ عوامی ایجنڈا کے تحت ڈپٹی کمشنر دیر لوئر محمد عارف خان نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس اینڈ پلاننگ) گوہر علی کے ہمراہ تیمرگرہ اور میاں بانڈہ بازاروں میں بغیر کسی پروٹوکول اور سیکورٹی کے پرائیوٹ گاڑی میں اچانک مختلف شاپس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے اس موقع پر گراں فروشی اور صفائی کی ناقص صورتحال پر میاں بانڈہ تیمرگرہ میں 07 قصائیوں کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر تیمرگرہ عبدالعزیز کو تمام دکانوں کو سیل کرنے کی احکامات جاری کئے۔ ڈپٹی کمشنر نے خفیہ وزٹ کے دوران بیکری شاپس، مرغی شاپس، کریانہ، سبزی / فروٹ شاپس کے معائنے بھی کئے اور دکانداروں سے مختلف فوڈ ائٹمز کے ریٹس کے بارے میں دریافت کیا۔ عوام نے گراں فروشوں کے خلاف خفیہ کریک ڈاؤن کرنے پر انتظامیہ کے اس اقدام کو سراہا۔ ڈپٹی کمشنر نے گاہکوں کے روپ میں دیر پائین کے تمام بڑے بازاروں میں دیر لیویز کو تعینات کرنے کے احکامات جاری کئے۔ تمام اہلکار روزانہ کے بنیاد پر اپنے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز/ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو بازاروں میں ریٹس، گراں فروشی، غیرمعیاری خوراک اور نرخنامہ کی دستیابی کے بارے میں رپورٹ جمع کریں گے۔ بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے تیمرگرہ شہید چوک میں پرائیس مانیٹرنگ ڈیسک کا دورہ بھی کیا۔ پرایس مانیٹرنگ ڈیسک میں عوامی شکایات کے ریکارڈ کو چیک کیا اور موقع پر موجود سٹاف کو ہدایت کی کہ تمام شکایات متعلقہ محکموں کو بروقت ارسال کریں۔