پشاور(مانند نیوز )پاکستان بھر کے 38 انسانی حقوق کے کارکنان اور سول سوسائٹی کے ممبران نے چھبیسویں آئینی ترمیم کو آئین سے متصادم ہونے کی وجہ سے یہ درخواست دائر کی ہے۔مجموعی طور پر یہ درخواست گزار پاکستان کے تقریباً سب مذاہب، فرقوں اور قوموں کی نمائندگی کرتے ہیں اور ہر جنس، عمر، سماجی و اقتصادی گروہ، اور صوبوں سے تعلق رکھتے ہیں۔ان میں ٹریڈ یونین کے کارکن، بندھوا مزدوروں اور کسانوں کے نمائندگان، طلبہ لیڈر، سماجی تنظیموں کے کارکنان، اور شہری و سیاسی آزادیوں، صنفی مساوات، مساوی شہریت، اور آزاد پریس کے حامی شامل ہیں۔گو کہ عدالت کو چھبیسویں ترمیم کے خلاف متعدد درخواستیں پیش کی جا چکی ہیں، سول سوسائٹی کی یہ درخواست ان لوگوں کے خدشات کی عکاسی کرتی ہے جن کا اس ترمیم سے سب سے زیادہ متاثر ہونے کا امکان ہے۔لہٰذا یہ درخواست قطعی غیر جانبدار ہے اور مکمل طور پر اس دعوے پر مرکوز ہے کہ چھبیسویں آئینی ترمیم عوام کے بنیادی حقوق اور ملک کے جمہوری ڈھانچے کو نشانہ بناتی ہے۔