ملاکنڈ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر/ کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز حامد الرحمٰن نے عوام کو اعلیٰ سروسز کی فراہمی، تجاوزات کے خاتمے، غیر قانونی اڈوں اور پارکنگ وغیرہ کی روک تھام کیلئے ”کمیٹی برائے بہتر سروس ڈیلیوری” کا اجلاس ضلعی سیکرٹریٹ بٹ خیلہ کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز،اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ، پلاننگ آفیسر ملاکنڈ، تحصیل میونسپل آفیسرز، ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ملاکنڈ ڈویژن کے نمائندے اور متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران واہلکاروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں عوام کو بہتر سروسز فراہم کرنے کے لئے مختلف اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا اور عوامی خدمات کی مزید بہتری کے لئے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ ڈپٹی کمشنر نے تمام شرکاء کو ہدایت کی کہ وہ سروسز کی فراہمی میں مزید بہتری لائیں، عوام کی شکایات کا فوری اور مؤثر حل یقینی بنائیں، تجاوزات کی نشاندہی کر کے انہیں فوری ہٹایا جائے اور غیر قانونی اڈوں اور پارکنگ کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے۔انھوں نے ضلعی محکوں کی کارکردگی میں بہتری لانے،رمضان لمبارک کے دوران ٹریفک کو رواں دوا رکھنے اور عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی پر زور دیا۔بعدا زاں انھوں نے اسسٹنٹ کمشنر بٹ خیلہ کے ہمراہ سستابازار کا دورہ کیا اور اشیائے خوردونوش کے معیار،صفائی اور سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔ انہوں نے عوام کو معیاری اور سستی اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے پر زور دیا اور ہدایت کی کہ نرخنامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ مزید برآں انہوں نے پرائس مانیٹرنگ اینڈ کمپلینٹ ڈیسک کا بھی معائنہ کیا اور عوامی شکایات کے ریکارڈ کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے گراں فروشی کے خلاف موصول ہونے والی شکایات پر فوری اور مؤثر کارروائی کی ہدایت کی تاکہ شہریوں کو بہتر خدمات کی فراہمی ممکن ہوسکے۔