کوہاٹ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم چترالی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے پروگرام ”عوامی ایجنڈا” کے تحت نے اسسٹنٹ کمشنر درہ کے ہمراہ گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج درہ آدم خیل کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے کالج میں کلاس رومز، صفائی ستھرائی، تعلیم کے معیار اور اساتذہ کی حاضری سمیت دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے علاوہ کلاس رومز میں طلباء کے درس و تدریس کے عمل کا بھی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے اس موقع پر شجرکاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا اور طلباء تدریسی و انتظامی عملے پر شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی تاکید کی تاکہ وطن عزیز کو آلودگی سے بچا کر سرسبز و شاداب اور خوبصورت بنایا جائے اور موحولیاتی تبدیلیوں سے رونما ہونے والی آلودگی، سیلاب کے خطرات اور دیگر رونما ہونے والے اثرات سے موثر طور پر نمٹے۔عبدالاکرم نے تدریسی عملے کو کالج میں تعلیمی سرگرمیوں کو مزید بہتر بنانے اور بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دینے کی تلقین کی تاکہ بچے معاشرے کے بہترین شہری بن سکیں۔ دریں اثناء ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے قائم کردہ ٹنل جوائنٹ چیک پوسٹ کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر وہاں موجود عملے کی حوصلہ افزائی کی گئی اور اشیاء خوردونوش و دیگر اشیاء، غیر رجسٹرڈ گاڑیوں کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھنے اور سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے وہاں پر موجود عملے کو ضروری ہدایات دیں۔