کوہاٹ (مانند نیوز)ضلعی انتظامیہ کوہاٹ نے جمعہ کے روز ضلع کوہاٹ کے عوام کیلئے ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے عوام کے مسائل غور سے سنے اوران کے حل کیلئے موقع پر متعلقہ حکام کو ہدایات دیں۔ تاہم انہوں نے وقت طلب بعض مسائل متعلقہ محکموں اوراداروں کوڈیڈ لائن کے ساتھ ریفر کردیئے۔ڈپٹی کمشنرکوہاٹ نے عوام کے براہ راست کالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل ان کے دہلیز پرحل کرنا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواکا مشن ہے اور یہ کھلی کچہریاں اس جانب ایک اہم قدم ہیں۔عوام کے مسائل پانی، گیس، بجلی، سکولوں اور ہسپتال میں سٹاف کی کمی، آبنوشی، روڈز اور آبپاشی جیسے شعبوں سے متعلق تھے۔انہوں نے کہا کہ کھلی کچہریوں کے مسلسل انعقاد سے عوامی شکایات میں نمایاں کمی ہوگی اور لوگوں کے عام نوعیت کے زیادہ تر مسائل مقامی سطح پر حل ہوں گے۔اسی طرح لوگوں کوعام نوعیت کے مسائل کے حل کیلئے سرکاری دفاترکے چکروں سے نجات مل جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ اس فورم پراٹھائے گئے مسائل پرضرور کارروائی ہوگی اوران کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آن لائن کھلی کچہری میں ہونے والے ہرفیصلے پر ہرصورت عملدرآمد ہوگا اور ڈیڈ لائن میں عملدرآمد نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔