پشاور(مانند نیوز)صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کا دوسرا اجلاس جمعرات کے روز صوبائی اسمبلی سیکرٹریٹ کے رحمٰن بابا کانفرنس روم میں منعقد ہوا، جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین اور رکن صوبائی اسمبلی ملک عدیل اقبال نے کی۔ اجلاس میں کمیٹی کے دیگر اراکین بشمول رکن صوبائی اسمبلی شفیع اللہ جان، شیر علی آفریدی اور عبدالسلام شریک ہوئے، جبکہ محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے سیکرٹری ارشد خان، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات سلیم خان سمیت محکمہ فنانس، اور منصوبہ بندی و ترقیات (پی اینڈ ڈی) کے افسران شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ اس کے علاوہ محکمہ کی مالی، انتظامی، اور عملی کارکردگی کے مختلف پہلوؤں پر سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ممبر صوبائی اسمبلی ملک عدیل اقبال نے محکمہ اطلاعات کی ریجنل سطح پر کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔ فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ اجلاس میں تمام ریجنل انفارمیشن دفاتر کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا تاکہ صوبے بھر میں اطلاعات کی رسائی کو بہتر بنایا جا سکے۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ عوام تک معلومات کی بروقت اور درست فراہمی حکومت کی شفافیت اور جوابدہی کے عمل میں نہایت اہم ہے۔ اطلاعات کا محکمہ حکومت، صحافیوں، اور میڈیا اداروں کے درمیان ایک مؤثر رابطے کا پل ہے اور اس کا بنیادی مقصد عوام کو حکومتی فیصلوں اور ترقیاتی اقدامات سے باخبر رکھنا ہے۔ ملک عدیل اقبال نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عوامی نمائندوں کی کارکردگی کو عوام تک پہنچانے اور ان کی توقعات اور مسائل حکومت تک مؤثر انداز میں پہنچانے میں محکمہ اطلاعات کو فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ اس ضمن میں مزید عملی اقدامات کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ اجلاس میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ صوبائی اسمبلی اور قائمہ کمیٹیوں میں عوامی فلاح و بہبود کے حوالے سے اہم فیصلے اور قانون سازی کی جاتی ہے، جس کے بارے میں عوام کو آگاہ رکھنا نہایت ضروری ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ اطلاعات کا کردار نہایت کلیدی ہے۔اجلاس کے دوران مختلف ریجنل انفارمیشن دفاتر کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا۔