اورکزئی (مانند نیوز)چیئرمین ضلعی ترقیاتی مشاورتی کمیٹی اورکزئی اورنگزیب خان ایم پی اے نے کہا ہے کہ ان کی وزیر اعلی خیبر پختونخواکے ساتھ اورکزئی ہیڈ کوارٹر کے مسئلے پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے، اورکزئی کے اندر ہیڈکوارٹر بننے تک افسران ہنگو ہیڈکوارٹر اور لوئر اور اپر اورکزئی میں ڈیوٹیاں سر انجام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ تمام اقوام کیلئے درمیانی جگہ پرہیڈ کوارٹر بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روزقبا ئلی ضلع اورکزئی کے ہیڈ منتقلی کے مسئلے کے حل کے حوالے سے منعقدہ مختلف اقوام کے گرینڈ جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جرگہ سے ملک حاجی شکیل، ملک لعل من شاہ، ملک عزت گل،ملک فضل محمد و دیگرنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اورکزئی ہیڈ کوارٹرکی قابل رسائی اور سنٹرل جگہ پر منتقلی سے ہی اورکزئی کے مسائل حل ہوں گے۔ اورنگزیب خان ایم پی اے نے کہا کہ ہم سب کا وژن اورکزئی کی ترقی، امن و امان اور استحکام ہے۔ اورکزئی ہیڈکوارٹر کوئی بڑا ایشو نہیں ہے،رمضان کے بعد سروے کرکے تمام اقوام کیلئے قابل رسائی جگہ پر ہیڈکوارٹر بنایا جائے گا تاہم جب تک درمیانی جگہ پرہیڈ کوارٹر نہیں بنایا جاتاڈپٹی کمشنر اور تمام دفاتراورکزئی ہیڈکوارٹر سمیت اپر لوئراورکزئی میں ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔جہاں عوام کو ضرورت ہو وہاں ڈپٹی کمشنراور ڈی پی او آئیں گے۔انہوں نے کہاکہ عید کے بعد بیزوٹ کا محمد زئی کوہاٹ کے ساتھ تنازعہ حل کرنے کے علاوہ ماموزئی قوم کی آباد کاری کیلئے سروے چیک بھی جاری کریں گے۔انہوں نے علاقے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے عوام کو ایک پلیٹ فارم پرا ٓنے کی اپیل کی۔