کوہاٹ (مانند نیوز)ضلع کرک میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر پیر کے روز کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم اللہ شاہ کی زیر صدارت ان کے دفتر میں ایک اہم اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں دوسروں کے علاوہ صوبائی وزیر زراعت میجر (ر) محمد سجاد بارکوال، چیئرمین ڈیڈاک کرک خورشید خٹک ایم پی اے، میئر تحصیل بانڈہ داؤد شاہ عنایت خٹک، ڈی آئی جی کوہاٹ عباس مجیدمروت، ڈپٹی کمشنر کرک شکیل احمد جان، ڈی پی او کرک اور خٹک اتحاد کے رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں کرک کے امن و امان کے مختلف پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس سلسلے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ کمشنر کوہاٹ ڈویژن نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ کرک میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں اور امن خراب کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے۔ ضلع کرک کی منتخب قیادت نے واضح کیا کہ کرک صوبے کا سب سے پرامن ضلع ہے اور کسی کو بھی کرک کا مثالی امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے اس سلسلے میں ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔