وانا (مانند نیوز) جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل کے علاقے اعظم ورسک میں قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ایس ایچ او اعظم ورسک عالمگیر محسود نے واضح کیا ہے کہ علاقے میں کسی بھی شخص کو گاڑیوں پر کالے شیشے لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ اسی طرح اسلحہ کی نمائش پر مکمل پابندی ہوگی، اور کسی کو بھی بازار یا گردونواح میں ہتھیار لے کر گھومنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عید کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے گریز کریں کیونکہ یہ ایک جان لیوا اور غیر قانونی عمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں نکلنے والی اندھی گولی کسی کی قیمتی جان لے سکتی ہے یا کسی کو زندگی بھر کے لیے معذور کر سکتی ہے، جو خوشیوں بھرے موقع کو غم میں بدلنے کا سبب بن سکتی ہے۔ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ نہ صرف قانوناً جرم ہے بلکہ یہ معاشرتی نقصان کا بھی باعث بنتی ہے۔ یہ عمل کسی بھی طرح فائدہ مند نہیں بلکہ اس کے نقصانات ناقابلِ تلافی ہیں۔ اگر کوئی شخص زخمی یا جاں بحق ہوتا ہے تو اس کے خاندان پر ناقابلِ بیان صدمہ آتا ہے۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایک ذمہ دار اور مہذب شہری ہونے کا ثبوت دیں اور چاند رات و عید کے موقع پر ہوائی فائرنگ سے مکمل اجتناب کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارا مذہب سب سے بہترین ہے تو ہمیں اپنے کردار سے بھی اس کا ثبوت دینا ہوگا۔ شہریوں کو چاہیے کہ نہ صرف خود اس عمل سے گریز کریں بلکہ دوسروں کو بھی اس سے روکنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ معاشرے میں امن و امان کی فضا برقرار رہے۔