ہنگو(مانند نیوز)ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن عباس مجید خان مروت کا ضلع ہنگو کا دورہ۔پولیس پوسٹ قاضی تالاب کی عمارت کا افتتاح ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن عباس مجید خان مروت نے ضلع ہنگو کا دورہ کرتے ہوئے پولیس پوسٹ قاضی تالاب میں نیا تعمیر شدہ عمارت کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او ہنگو محمد خالد خان PSP بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن نے فیتہ کاٹ کر اس جدید سہولیات سے آراستہ عمارت کو پولیس کے حوالے کیا، جس کا مقصد شہریوں کو بہتر سروسز فراہم کرنا اور پولیس فورس کے حالاتِ کار کو مزید مؤثر بنانا ہے۔افتتاح کے بعد ڈی آئی جی عباس مجید خان مروت نے پولیس پوسٹ قاضی تالاب کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور دستیاب سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ پولیس کے انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ عوام کو ایک محفوظ، خوشگوار اور باوقار ماحول میں اپنی شکایات درج کرانے کی سہولت حاصل ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس فورس کے لیے بھی بہترین حالاتِ کار فراہم کیے جا رہے ہیں تاکہ وہ یکسوئی، دلجمعی اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے سکیں۔ڈی آئی جی عباس مجید خان مروت نے امید ظاہر کی کہ نئی پولیس پوسٹ علاقے میں امن و امان کے قیام، قانون کی بالادستی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام اور پولیس کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہی دیرپا امن کی ضمانت ہے۔ انہوں نے پولیس اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کو اخلاص، دیانت اور پیشہ ورانہ جذبے کے ساتھ ادا کریں تاکہ عوام کا اعتماد مزید مستحکم ہو۔ڈی پی او ہنگو محمد خالد خان PSP نے کہا کہ یہ چیک پوسٹ طویل عرصے سے موجود تھی لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ سنگین حالات اور دہشت گردوں کے بار بار حملوں کی زد میں آ کر اس کی عمارت خستہ حالی کا شکار ہو گئی تھی۔ مسلسل خطرات اور تباہ کن حملوں کے باعث یہ عمارت ناقابلِ استعمال ہو چکی تھی، جس کی وجہ سے پولیس اہلکاروں کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔ تاہم اب ایک جدید سہولیات سے آراستہ نئے عمارت کی فراہمی سے نہ صرف پولیس فورس کے لیے ایک محفوظ اور بہتر ماحول میسر آئے گا بلکہ عوام کو بھی بہتر سیکیورٹی خدمات فراہم کی جا سکیں گی۔