کوہاٹ (مانند نیوز)ضلعی انتظامیہ کوہاٹ نے 85 ویں یوم پاکستان کے حوالے سے گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول نمبر۱کوہاٹ میں ایک شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا جس میں ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم چترالی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے جبکہ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ نمرہ اویس، سکول کے پرنسپل لقمان بنگش، سرکاری محکموں کے حکام اور اہلکاروں کے علاوہ اساتذہ کرام، طلباء اور معززین علاقہ نے بھی بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔اس کے بعد قومی ترانے کی گونج نے تقریب کو حب الوطنی کے رنگ میں رنگ دیا۔ طلباء نے پاکستان کی تاریخ، تحریکِ آزادی، قائدِاعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال سمیت دیگر رہنماؤں کی قربانیوں پر تفصیلی روشنی ڈالی اور تحریکِ پاکستان کی اہمیت، قومی یکجہتی کی ضرورت اور نوجوان نسل کی ذمہ داریوں کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر ملی نغمے بھی پیش کئے گئے۔مہمانوں نے اپنے خطاب میں طلباء کو محنت، نظم و ضبط اور تعلیم کے ذریعے ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنے کی ترغیب دی۔ ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم نے کہا ”پاکستان کے نوجوان قوم کا حقیقی سرمایہ ہیں اور انہیں ملک کی ترقی کیلئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانا ہوگا۔” اسسٹنٹ کمشنر کوہاٹ نمرہ اویس نے نوجوان نسل کو قومی تعمیر و ترقی میں بھرپور شرکت کی اہمیت سے آگاہ کیا۔تقریب کا اختتام اجتماعی دعا کے ساتھ ہواجس میں پاکستان کی خوشحالی، ترقی اور استحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔یہ تقریب نہ صرف یومِ پاکستان کی تاریخی اہمیت کو اجاگر کرنے کا ذریعہ بنی بلکہ نئی نسل کو وطن سے محبت، قومی یکجہتی اور ذمہ داری کا احساس دلانے میں کامیاب رہی۔ شرکاء نے اس تقریب کو مستقبل کی تعمیر کیلئے ایک یادگار لمحہ قرار دیا۔