وانا (مانند نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی وزیرستان لوئر کے ویلیج کونسل غلجہ کے چیئرمین احمد وزیر نے ایک اخباری بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ اے ڈی ایف (ADF) فنڈز کے تحت ہونے والی بھرتیوں میں ضلعی انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت سے غیر مقامی افراد کو شامل کیا گیا ہے، جو مقامی آبادی کے ساتھ صریح ناانصافی کے مترادف ہے۔چیئرمین احمد وزیر کا کہنا ہے کہ اے ڈی ایف فنڈز کا بنیادی مقصد مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے، مگر افسوس کہ ضلعی انتظامیہ نے مبینہ طور پر اقرباپروری اور سیاسی سفارشات کی بنیاد پر مقامی نوجوانوں کو نظر انداز کر کے غیر مقامی افراد کو ان عہدوں پر تعینات کیا۔ ان کے مطابق، گریڈ 11 تک کی تمام آسامیوں پر صرف مقامی امیدواروں کو ترجیح دی جانی چاہیے تھی، لیکن موجودہ صورتحال قانون اور انصاف کے منافی ہے۔باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ بھرتیوں کا عمل شفافیت سے خالی تھا اور بیشتر تقرریاں سفارشات کی بنیاد پر کی گئیں۔ احمد وزیر نے اس حوالے سے ایم این اے زبیر خان وزیر، ایم پی اے عجب گل وزیر اور کمشنر ڈیرہ ڈویژن ظفرالسلام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس غیر منصفانہ عمل کا فوری نوٹس لیتے ہوئے تمام غیر مقامی افراد کو فہرست سے نکالیں اور ان آسامیوں پر مقامی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو تعینات کیا جائے تاکہ علاقے کے عوام کی محرومیاں ختم ہو سکیں۔احمد وزیر نے رمضان پیکج میں بھی مبینہ بے ضابطگیوں کا انکشاف کرتے ہوئے الزام لگایا کہ متعلقہ کلرک آصف نے مستحق افراد کے نام فہرست سے نکال کر رشوت کے عوض دیگر افراد کو شامل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے ان الزامات کے حوالے سے ڈی جی نیب اور ڈی جی ایف آئی اے کو بھی تحریری شکایات ارسال کر دی ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ضلعی انتظامیہ نے اس حوالے سے فوری اور مؤثر اقدامات نہ کیے تو احتجاجی تحریک شروع کرنے پر بھی غور کیا جائے گا۔دوسری جانب ضلعی انتظامیہ کا مؤقف ہے کہ یہ بھرتیاں تقریباً بیس سال قبل عمل میں لائی گئی تھیں، اور موجودہ ڈپٹی کمشنر کا ان میں کوئی کردار نہیں۔ ترجمان کے مطابق، یہ عمل فنانس ڈپارٹمنٹ کی منظوری کے بعد ہوتا ہے، اور موجودہ انتظامیہ صرف اس سلسلے کو جاری رکھے ہوئے ہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ مذکورہ عملے کی تعیناتی سے متعلق کمشنر ڈیرہ ظفرالسلام بھی مکمل طور پر باخبر ہیں۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے