کوہاٹ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنرکوہاٹ عبدالاکرم چترالی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) حامد اقبال نے افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرزاور غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کی رضاکارانہ وطن واپسی کے سلسلے میں گمکھول مہاجر کیمپ میں تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ایک اہم اجلاس کا انعقاد کیا جس میں ایس پی سٹی فاروق زمان اور سی ڈی او عبدالرحمان نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں افغان مہاجرین کے مشران، ملکان اور کیمپ کے دیگر افراد نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔اجلاس کا مقصد افغان مہاجرین کو حکومت کی پالیسی سے آگاہ کرنا اور ان کی باعزت واپسی کو ممکن بنانا تھا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حامد اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت کسی بھی مہاجر کے ساتھ زور زبردستی نہیں کرے گی بلکہ ان کی واپسی مکمل طور پر رضاکارانہ اور باوقار انداز میں ہوگی۔ انہوں نے افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز اور غیر قانونی مہاجرین سے کہا کہ وہ خود کو رضا کارانہ طور پر روانگی کیلئے تیار کریں تاکہ ان کی واپسی ایک منظم اور پُرامن طریقے سے ممکن ہو۔اجلاس میں یہ بھی باور کرایا گیا کہ حکومت ان مہاجرین کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی اورانہیں مناسب سہولیات بھی فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ اپنی سرزمین پر نئی زندگی کا آغاز باعزت اورپروقار طریقے سے کر سکیں۔ شرکاء نے حکومتی اقدامات کو سراہا اور اس عمل میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔